SIZE
3 / 8

غضنفر چچا کی شادی تھی ۔ اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پھپھو نے دو ماہ پہلے ہی شادی میں شمولیت سے انکار کر دیا تھا۔ چچا بھی ہاتھ سے اکھڑ گئے لیکن دادی نے سمجھایا ، بہنن کا معاملہ ہے تو وہ کچھ دھیمے پڑے اور اب دو ماہ سے مستقل ان کا خیال اس شرط پر رکھا جا رہا تھا کہ وہ چچا کی شادی پر بغیر کوئی کھڑاک کیے شمولیت کریں گی۔ اللہ اللہ کر کے کل مہندی کی رسم خیر و عافیت سے گزری تھی ۔ سب نے مل کر کیا خوب رونق لگائی تھی۔ دوپہر تک سب ٹھیک تھا۔ کھانے کے بعد سے میں کمرے میں گھسی سارے خاندان کے کپڑے استری کر رہی تھی پھر میں تو تیار ہونے چلی گئی اور ایک دم پھپھو کا ہیرے کا لونگ گواچ گیا۔ ہائے اللہ! اس اسٹوری کے ساتھ ہی میرے اندر کی مسرت نذیر نے چھلانگیں لگائیں اور میں " پیچھے پیچھے آندا میری چال ویندا آئیں‘‘ گانا شروع کرنے ہی والی تھی کہ دردانہ پھپھو کی پاٹ دار آواز پر چونک کر حقیقت کی دنیا میں واپس آئی جہاں پھپھو اور چچا بازو چڑھا کر لڑ رہے تھے۔

" تیری جیب نہیں تیرے تو کمرے کی تلاشی لوں گی۔ تجھ پہ تو سب سے پہلا شک ہے میرا۔" دردانہ پھپھو نے انگلی کے اشارے سے وارننگ دی۔

چارپائی پر بیٹھی دادی نے آگے بڑھ کرغضنفر چچا کا ہاتھ کھینچ کر انہیں واپس بٹھا لیا۔

" دیکھ لیں امی! یہ کیا الزام تراشیاں کر رہی ہے۔"

وہ دادی کی طرف دیکھ کر نروٹھے پن سے بولے۔

" میں تھوکتا بھی نہیں ان کے دو ٹکے کے لونگ پہ۔" انہوں نے پیٹھ تھپک کرتسلی دی۔

" دو ٹکے کا لونگ۔۔۔ ہاۓ پورے سات ہیروں جڑا تھا منحوس مارے۔ کبھی دیکھے بھی ہیں اتنے ہیرے ایک ساتھ ۔" دردانی پھپھو کے تو تلوؤں پہ لگی سر پہ بجھی۔ ہاتھ نچا نچا کر لڑاکا عورتوں کی طرح طعنے مارے

کہ غضنفر چچا کی تو بولتی ہی بند ہو گئی۔ پر سردار چچا نے ہکلی زبان کے ساتھ اپنی ٹانگ پھنسانا ضروری سمجھا۔

" ہاں ۔۔۔ دیکھے ہیں نا۔۔۔ آ آ آپا! آپ کے لو۔۔۔ لو۔۔۔ لونگ ۔۔ میں ! ۔۔۔ لو سن لوان کی بھی ۔ آگرہ والوں کی ٹرین چھوٹ جائے ان کا جملہ مکمل ہونے کے چکر میں پر بولیں گے ضرور۔

ہاۓ تو نے دیکھا ہے۔ چل میرا بھائی ذرا جلدی سے بتا کہاں دیکھا میرا لونگ‘۔ دردانہ پھپھو کی چھوٹی چھوٹی چائنیز آنکھیں حیرت سے پھیل

گئیں۔ پچکارتے ہوئے بولیں تو سردار چچا نے سینہ تان کر جواب دیا۔

" صبح دیکھا تھا۔۔۔۔۔۔ آ آ آپ! کی نا۔۔۔نا۔۔۔ ناک میں۔" دھت تیرے کی ۔ کھودا پہاڑ نکلا۔۔۔ اچھا دفع کرو۔

" پرے ہٹ منحوس مارا۔ خان صاحب کہاں رہ گئے میں کہتی ہوں ۔ بلاؤں پولیس کو ان چوروں کے گھر سے ایسے نہیں ملے گا کچھ ۔ اب تو پولیس ہی آ کر برآمد کروائے گی۔" ایک بار پھر پولیس کی دھمکی۔ بھئی پھپھو ہیں یا ڈان ۔ بات بات پر پولیس کا ذکر لے آتی ہیں ۔ پر ہیں بڑے جگر والی ہماری پھپھو۔ پوری پلٹن ایک طرف، پھپھو کی تیز گام ایک طرف۔