SIZE
2 / 5

" ہماری عزت کا سوال ہے ، لوگ کیا کہیں گے کہ اپنے خوب صورت لڑکے کے لئے یہ لڑکی پسند کی ہے ، آپ نے کیوں نہ کچھ کہا ایسے تو بات نہیں بنے گی ." وغیرہ وغیرہ ....

امی بیچاری بھی کیا کریں .... لڑکی کی ماں ہونا تو ویسے بھی ایک امتحان ہے اوپر سے وہ بد صورت بھی ہو . مجھ سے امی جان نے کئی بار التجا کی کئی بار مجھ پر سختی کی ... مگر میں بھی اب کون سا ان کے قابو میں تھی ... خود ہی تو کہتیں تھیں کہ میرے دیدے ہوا ہو گئے ہیں ، میں خود کو ہر وقت ایک افسر سمجھنے لگی ہوں ... کوا چلا ہنس کی چال ... اور دوسرے کو بھی یاد کروانا اپنا فرض سمجھتی ہوں کہ انکی چال چلن بھی کچھ اچھی نہیں ... خیر شادی قریب آ گئی میری بہنیں چلی آئیں... بات سنمبھال لی گئی .

" ہماری بہن کو اتنا خوب صورت شوہر مل رہا ہے ." بھائی ، بہن بڑے خوش تھے ... بڑے بھیا جو خود نہیں آئے تھے صرف ہونے والے دولہا کی فوٹو دیکھ کر دوک ٹوک لہجے میں امی کو فون پر کہہ چکے تھے .

" مجھے حیرت ہے کہ اس لڑکے کی تعریف میں آپ کے پاس صرف اس کی اچھی شکل صورت ہے ... یہ آپ اچھا نہیں کر رہیں ... جیسے آپ کی مرضی ..."

" ہونہہ یہ کیا بات ہوئی ...؟"

میں نے دل میں سوچا کوئی لاٹھی یہ ڈنڈا وغیرہ لے کر آتے اور چنگھاڑتے کہ یہ شادی نہیں ہو سکتی تو ذرا بات بنتی . امی نے تو ان کا اعتراض ایک کان سے سنا اور دوسرے کان سے نکال باہر کیا ...آخر کار شادی کا دن ان پہنچا ... میں کراچی کے سب سے مہنگے پارلر میں دلہن بننے چلی گئی ...وہیں پر پتا چلا کہ میری ہونے والی جیٹھانی آئی ہیں ... انہوں نے آتے ساتھ ہی مجھے سجانے سنوارنے والی لڑکی کو خوب ہدایات دینی شروع کر دیں .

" دیکھو میک آپ ایسا ہونا چاہیے کہ لڑکی کا رنگ گورا لگے ... کسی مشہور ہیروین کی لک آ جاۓ تو میں تم کو دگنی ٹپ دوں گی ....."

میں بیٹھے بیٹھے بلبلا گئی ... دل کی دھڑکن ایک دم بے ربط ہوئی اور زبان لڑکھڑانے لگی ... تیار ہو کر جیسے ہی شادی ہال میں دلہن کے کمرے میں پہنچی میری ہونے والی ساس صاحبہ ہربڑاتی آ گئیں... انھیں میرا میک اپ بالکل بھی نہیں پسند نہ آیا اور انہوں نے وہیں جیٹھانی کو ڈانٹنا شروع کر دیا .